امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ 2017سے ہر سال ایک لاکھ تارکین وطن کو پناہ دے گا۔ گزشتہ روز برلن میں اپنے جرمن ہم منصب فرینک والٹراسٹین میئر کے ساتھ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جان کیری نے کہا کہ اوباما انتظامیہ اس تعداد میں مزید اضافے کی خواہش مند ہے اس مقصد کیلئے اسے کانگریس کا تعاون اور اس کی جانب سے مزید بجٹ کی منظوری درکار ہو گی۔
امریکہ فی الحال ہر سال زیادہ سے
زیادہ 70 ہزار پناہ گزینوں کو ویزے جاری کرسکتا ہے جسے آئندہ دو برسوں کے دوران بتدریج ایک لاکھ تک بڑھایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مجوزہ منصوبے کے تحت اوباما انتظامیہ مالی سال 2016 میں85 ہزار تارکین وطن کو قبول کرے گی جسے اگلے سال ایک لاکھ تک بڑھا دیا جائے گا۔جان کیری نے کہا کہ پناہ گزینوں کی اس اضافی تعداد میں سے شام کے تارکین وطن کے لیے کتنا کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ امریکہ شام میں ساڑھے چار سال سے جاری خانہ جنگی سے بچ کر بیرون ملک فرار ہونے والے مہاجرین کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہے۔